حافظ آباد (شوکت علی وٹو) – اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد سہیل ریاض اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھراء پنجاب پروگرام کے تحت میونسپل کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ کو تیز کیا گیا ہے، جس کے دوران ریلوے لائن کے اطراف وسیع پیمانے پر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور 14 دوکانیں سیل کر دی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض اور سی او ایم سی اکرام اللہ سندھو نے ریلوے لائن میں پھاٹک کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا، جس سے وہاں کسی بھی ممکنہ حادثے کا خطرہ کم ہو گیا۔ اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی کی انسداد تجاوزات ٹیموں نے فوارہ چوک، الفیصل بازار، گوجرانوالہ روڈ اور دیگر مارکیٹوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 14 دوکانیں سیل کر دی گئیں۔
سی او ایم سی اکرام اللہ سندھو نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے دوکانداروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات قائم کرنے سے پرہیز کریں تاکہ شہر میں امن و سکون کی فضا قائم رہے۔
یہ آپریشن شہر کی صفائی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کر کے سڑکوں اور مارکیٹوں میں نظم و ضبط قائم کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد: ڈپٹی کمشنر کا دور دراز دیہات کے سکولوں کا دورہ، تعلیمی سہولتوں کا جائزہ