اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایزی پیسہ نے پاکستان میں آؤٹ ڈور اشتہارات کی صنعت میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مزدوروں کے لیے بیمہ شدہ بل بورڈز کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ان مزدوروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے جو روزانہ خطرناک ماحول میں کام کرتے ہیں، خاص طور پر وہ مزدور جو بل بورڈز نصب کرتے ہیں۔ “بیمہ شدہ بل بورڈز” ایزی پیسہ کی نئی انشورنس پروڈکٹ کا حصہ ہے، جس کا مقصد نہ صرف ان مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے بلکہ پاکستان کی آؤٹ ڈور اشتہارات کی صنعت میں نئے معیار قائم کرنا ہے۔
پاکستان میں آؤٹ ڈور اشتہارات کی صنعت 2025 تک 11.6 ارب روپے (41.47 ملین امریکی ڈالر) تک پہنچنے کی توقع ہے، مگر اس صنعت میں کام کرنے والے بہت سے مزدوروں کو حفاظتی اقدامات یا بیمہ کی سہولت حاصل نہیں ہے، جس کی وجہ سے ان کی زندگیاں خطرے میں ہوتی ہیں۔ حالیہ تحقیق کے مطابق، پاکستان میں 56 ملین سے زائد مزدور بنیادی حفاظتی اقدامات اور بیمہ سے محروم ہیں۔
ایزی پیسہ نے اس سنگین مسئلے کا حل پیش کرتے ہوئے “بیمہ شدہ بل بورڈز” کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ایزی پیسہ کے اشتہاری بل بورڈز نصب کرنے والے ہر مزدور کو میڈیکل اور لائف انشورنس فراہم کی جائے گی، ساتھ ہی عالمی معیار کے حفاظتی آلات بھی مہیا کیے جائیں گے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور کارپوریٹ کمیونیکیشنز ایزی پیسہ، رفاہ قادری نے کہا کہ “ایزی پیسہ ہمیشہ سے جدت اور معیار کے نئے اصول متعارف کرانے کے لیے پرعزم رہا ہے۔ ہماری ہر او او ایچ (OOH) مہم میں اس بات کی ضمانت ہوگی کہ مزدوروں کو ان کی حفاظتی بیمہ اور حفاظتی سامان فراہم کیا جائے۔ ہم دیگر صنعتوں کو بھی اس نئے معیار کو اپنانے اور مزدوروں کے حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کی دعوت دیتے ہیں۔”
چیف کریٹو آفیسر امپیکٹ بی بی ڈی او، علی رز نے کہا: “ایزی پیسہ ‘عمل، نہ کہ اشتہار’ پر یقین رکھتا ہے۔ جب ایزی پیسہ کہتا ہے کہ وہ اپنے انشورنس پروڈکٹس کے ذریعے لوگوں کی حفاظت کرنا چاہتا ہے، تو وہ یہ کام کرتا بھی ہے۔ اس کی شروعات ان مزدوروں سے ہوتی ہے جو اشتہارات لگاتے ہیں۔ اور میں ایسے برانڈز کی قدر کرتا ہوں جو ہمیشہ صحیح کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔”
یہ قدم ایزی پیسہ کی سماجی ذمہ داری اور جدت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو نہ صرف پاکستان کی آؤٹ ڈور اشتہاری صنعت کو بہتر بنائے گا بلکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں: ایزی پیسہ کو شیئر ہولڈرز سے 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری، تیسری سہ ماہی میں 3.9 ارب روپے کا منافع