اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسرائیلی میڈیا کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کے اہم نکات سامنے لائے گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ قریب ہے اور اس معاہدے پر 3 مراحل میں عمل درآمد ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیل کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنےکی تجویز ہے جس کے بدلے اسرائیل ہر فوجی خاتون یرغمالی کے بدلے 50 اور باقی یرغمالیوں کے بدلے 30 فلسطینی رہا کرےگا۔
اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی فوج ڈیل کے پہلے مرحلے میں مصر اور غزہ بارڈر پر قائم گزرگاہ فلاڈیلفی کوریڈور کو بھی خالی کردے گی۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی ڈیل کے دوسرے مرحلے کا آغاز سیز فائر شروع ہونے کے 16 دن بعد ہوگا جس میں باقی قیدیوں اور فوجیوں کی رہائی سے متعلق بات ہوگی۔
اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ تیسرے مرحلے میں طویل مدتی اقدامات پر بات ہوگی جس میں غزہ کی دوبارہ آباد کاری اور نئی حکومت کے قیام سے متعلق بات چیت کی جائیگی۔
مزید پڑھیں : گزشتہ 5 سال میں 71 ہزار 849 شناختی کارڈز بلاک
دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذاکرات کے جاری رہنے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم ایک معاہدے کے قریب ہیں اور سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں مگر جب تک جنگ بندی کا اعلان نہیں ہوتا کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے۔