بدھ,  15 جنوری 2025ء
پاکستان میں کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔

چترال، دیر اور سوات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رات کے اوقات میں بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید جبکہ پشاور، نو شہرہ، مردان اور صوابی میں ہلکی سے درمیا نی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، بھکر، نور پور تھل، لیہ، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اورگرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے تاہم شمال مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، ٹنڈوجام اور گرد و نواح میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: موسم سرد اور خشک رہے گا ، کئی مقامات پر بارش کا امکان

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے  ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 جنوری کے قریب ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا اسپیل آئےگا، ان کا کہنا تھا کہ 20 جنوری کےبعد خیبرپختونخوا کےبالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سیزن میں بارشیں کم ہوئیں اور خشک سردی برقرار ہے، 20 جنوری کے بعد ایران سے بلوچستان میں ہوائیں داخل ہوں گی، چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ اسلام آباد میں 20 جنوری کے بعد بارش ہونے کا امکان ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور بارش کےبعد ہی ملک کے بیشترعلاقوں میں دھند میں کمی ہو گی۔

مزید خبریں