بدھ,  15 جنوری 2025ء
راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں، شہریوں کی حفاظت اور جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف اہم کارروائیوں میں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں پتنگ فروشی، چوری کی وارداتیں اور منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں شامل ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں تعارفی میٹنگز کیں، جہاں انہوں نے ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھانوں اور دفاتر کی سطح پر پبلک سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ایس ایس پی نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

دوسری جانب، دھمیال پولیس نے پتنگ فروش شعبان علی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 500 سے زائد پتنگیں برآمد کر لیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

کہوٹہ پولیس نے چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث ملزم ناصر کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے ایک سوزوکی گاڑی، انگھوٹھی، 2 موبائل فونز اور 45 ہزار روپے کی مسروقہ رقم برآمد ہوئی۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور شہریوں کے اثاثے لوٹنے والے ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین درجن کے قریب ملزمان گرفتار

اس کے علاوہ، راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائر ایوب خان کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ مجرم کے قبضے سے 1 کلو 640 گرام چرس برآمد ہوئی تھی اور اس کے خلاف گزشتہ سال رتہ امرال پولیس نے کارروائی کی تھی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تفتیشی ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے ان کارروائیوں کو شہریوں کی حفاظت اور قانون کی حکمرانی کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔

مزید خبریں