اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کی لازوال فلم ’مولاجٹ‘ کے مشہور فلمساز سرور بھٹی انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبران کی بیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے دی۔
پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’بہت غمگین دل کے ساتھ یہ افسوسناک خبر کہ میرے پیارے والد محمد سرور بھٹی، پاکستانی فلم مولا جٹ کے مشہور پروڈیوسر کچھ دیر قبل انتقال کر گئے ہیں‘۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے والد کے لیے فاتحہ پڑھنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے دعا کرنے کی بھی درخواست کی۔
سروربھٹی کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، رات گئے سانس رکنے کی شکایت پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
اہلِ خانہ کے اعلان کے مطابق فلمساز کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عشا لاہورمیں داتا دربار پر ادا کی جائے گی۔
فلمساز کے انتقال کی خبرسنتے ہی لواحقین اورفلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور فلمی شعبے میں ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
مزید پڑھیں؛ خطرناک وائرس پاکستان پہنچ گیا، قومی ادارہ صحت کو نگرانی کی ہدایت
یاد رہے کہ سرور بھٹی کا نام پاکستانی فلمی صنعت کی قابل ذکر شخصیات میں ہوتا تھا، ان کی سب سے مشہور تخلیق ’مولاجٹ‘ نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں فلم ”مولاجٹ“ کو پاکستانی سینما کی تاریخ میں ایک کلاسک مقام حاصل ہے۔