تحریر: شوکت علی وٹو
حافظ آباد میں سول ڈیفنس محکمہ کی کارکردگی اور اس میں کرپشن کے الزامات نے حکومتی مشینری کو چیلنج کر دیا ہے۔ متعدد محکموں میں کرپشن کی نگرانی کرنے والے ادارے جیسے ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب اور دیگر انتظامی ادارے موجود ہیں، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ یہ محکمے حافظ آباد میں اس کرپشن کی روک تھام میں غیر فعال نظر آتے ہیں۔
سول ڈیفنس حافظ آباد میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 99 کے قریب ڈیلی ویجز ملازمین کو بھرتی کیا گیا ہے، جن کی تعیناتی اور ڈیوٹیز کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ممکن نہیں ہو رہا۔ حکومتی ادارے ان ملازمین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے انکار کر رہے ہیں، جبکہ سول ڈیفنس افسران کی جانب سے درخواستوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں موجود دفتر میں بھی معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے، جس سے عوامی مفاد کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
سول ڈیفنس حافظ آباد کے افسران و ملازمین کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں اور گیس ری فیلنگ کی سرگرمیوں کے حوالے سے۔ شہر بھر میں متعدد غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں اور گیس ری فیلنگ سٹیشنز قائم ہیں، جو ناقص اور ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت کرتے ہیں۔ ان کے خلاف کوئی بھی عملی کارروائی نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود سول ڈیفنس حکام کی جانب سے ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، سول ڈیفنس کے 99 ڈیلی ویجز ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں 36 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہیں، جو کہ حکومتی خزانے پر ایک بھاری بوجھ ہے، خاص طور پر ایک چھوٹے ضلع حافظ آباد کے لئے۔ یہ صورتحال حکومتی وسائل کی بے جا خرچ کی طرف اشارہ کرتی ہے، جس پر صوبائی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے۔
دوسری جانب، غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں اور گیس ری فیلنگ اسٹیشنز کئی بار بند ہوئے ہیں، لیکن چند گھنٹوں کے اندر دوبارہ کھل جاتے ہیں۔ سول ڈیفنس افسران کا کہنا ہے کہ یہ لوگ باز نہیں آتے، لیکن وہ ان کے خلاف کسی بھی کارروائی میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، اور دیگر محکمے ان کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان غیر قانونی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار، سول ڈیفنس کے عملے کی کرپشن منظر عام پر
حافظ آباد میں کرپشن کے بڑھتے ہوئے معاملات اور حکومتی اداروں کی ناکامی عوام میں بے چینی پیدا کر رہی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومتی ادارے اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ عوام کو انصاف مل سکے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پنجاب حکومت اس سنگین مسئلے پر کب اور کس طرح کارروائی کرے گی۔