بدھ,  08 جنوری 2025ء
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ ،پاکستان نے جنوبی افریقا کی421 رن کی برتری ختم کردی

اسلام آباد(روشن پاکستان  نیوز) پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 441 رنز بنالیے، اسطرح قومی ٹیم جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرتے ہوئے اننگز کی شکست سے بھی بچ گئی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کےلیے کپتان شان مسعود اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد بیٹنگ کےلیے آئے۔ پاکستان کا اسکور 235 رنز پر پہنچا تو خرم شہزاد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری۔ کامران 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وکٹ کی ایک جانب موجود کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ تاہم 329 کے مجموعے پر سعود شکیل کگیسو ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسی اسکور پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے 145 رنز بنائے تھے۔

چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان ففٹی پارٹنرشپ نے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

محمد رضوان 417 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن اور کگیسو ربادا نے دو دو جبکہ کیشو مہاراج اور کوینا ماپھاکا نے ایک ایک وکٹ لی۔

451 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز شروع کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے اوپنرز کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

مزید پڑھیں: پے درپے شکست ، بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

بابر اعظم 81 رنز بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 58 اور محمد رضوان نے 46 رنز اسکور کیے تھے۔

جنوبی افریقا کی پہلی اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائی تھیں۔

پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں