بدھ,  08 جنوری 2025ء
زیارت میں شدید برفباری، مری سمیت مختلف شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی

مری(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے مری سمیت مختلف شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب زیارت میں شدید برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے، گیس سپلائی بھی معطل ہو گئی ہے، برفباری کی وجہ سے زیارت کوئٹہ زیارت سنجاوی مین شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہو گئی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر زیارت نے کہا ہے کہ برفباری اورسردی کی وجہ سے ٹریفک کی روانگی متاثر ہے، شہری برفباری میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

چترال، دیر، سوات، کوہستان، با جوڑ، خیبر، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہونے کی پیشگوئی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک،کرم، اورکزئی اور وزیرستان میں رات کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبدا للہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور بارکھان میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اور رات کے اوقات میں بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے۔

رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، ا وکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں موسم سرد، بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید خبریں