اتوار,  05 جنوری 2025ء
راولپنڈی پولیس کی بہترین کارکردگی اور سال نو کے موقع پر سکیورٹی انتظامات

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او سید خالد ہمدانی کی جانب سے راولپنڈی پولیس کے افسران کی بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ سی پی او نے کار چوری کے مقدمات میں بہترین کارکردگی پر ایس ڈی پی او کینٹ مرزا جاوید اقبال کو تعریفی لیٹر، ایس ایچ او کینٹ لقمان جاوید اور سب انسپکٹر عمر صدیق کو تعریفی سرٹیفیکیٹس دیے۔ اس موقع پر سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ “راولپنڈی پولیس کی کامیابی میں ہر افسر اور جوان کی محنت شامل ہے، اور جو افسر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے وہ شاباش اور انعام کا حق دار ہے۔”

اسی سلسلے میں، سی پی او کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ اس مارچ کی قیادت ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کی، جبکہ ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور ضلعی پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے۔ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کی حفاظت، ہوائی فائرنگ، آتشبازی اور ون ویلنگ کی روک تھام تھا۔

مزید پڑھیں: جنوبی کوریا کے معطل صدر یون سک یول کے وارنٹ گرفتاری

سال نو کی آمد کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے 6600 سے زائد افسران ڈیوٹی پر ہوں گے، اور شہر بھر میں 32 خصوصی پکٹس گائی گئی ہیں تاکہ ون ویلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا تدارک کیا جا سکے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ “شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔”

راولپنڈی پولیس کی جانب سے ان اقدامات سے شہریوں کو سال نو کے دوران بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، اور کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں