اتوار,  05 جنوری 2025ء
سال 2024:پاکستانی روپیہ کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)رواں سال 2024 میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں سالانہ بنیاد پر ایک فیصد اضافہ ہوا،سال 2023 کے اختتام پر امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ 281.86روپے تھی جبکہ 31 دسمبر 2024 کو شرح تبادلہ کم ہوکر 278.55 روپے رہی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 2024کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ایک فیصد اضافہ ہوا ، اس سے قبل گزشتہ 9 سالوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں تقریباً 10 فیصد سالانہ کمی ریکارڈکی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران قومی معیشت کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری ہوئی ، جون 2023 میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4.44 ارب ڈالر تھے جبکہ 20دسمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کےقومی ذخائر بڑھ کر 11.85 ارب ڈالر ہو گئے۔

نومبر 2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ سر پلس 729 ملین ڈالر رہا جبکہ اکتوبر 2024 میں کرنٹ اکائونٹ سر پلس 346 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا، نومبر 2023 میں پاکستان کو 148 ملین ڈالر کے کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا تھا۔

مزید پرھیں؛ ریکوڈک منصوبے کے 15 فیصد شیئرز 540 ملین ڈالر میں سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاکستان نے مجموعی طورپر 944 ملین ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1.67 ارب ڈالر خسارے کا سامنا تھا۔

مزید خبریں