راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے سال نو کی آمد کے حوالے سے شہریوں کے تحفظ، ہوائی فائرنگ، آتشبازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے موثر سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔ اس پلان کے تحت 6600 سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی پر ہوں گے، جن میں سے 800 سے زائد افسران ٹریفک ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں 32 خصوصی پکٹیں لگائی گئی ہیں اور ہوائی فائرنگ اور آتشبازی پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ڈولفن فورس، محافظ سکواڈ اور تھانوں کی موبائل ٹیمیں مسلسل ڈیوٹی پر رہیں گی۔ سال نو کی آمد پر مسیحی برادری کی عبادات کے دوران بھی موثر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس کے کانسٹیبل زرغام حیدر نے کک باکسنگ اور مارشل آرٹس کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ کانسٹیبل زرغام حیدر نے مارشل آرٹس (بلیک پینتھر) کے نیشنل مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب پولیس انٹر رینج کک باکسنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا۔
نصیر آباد پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے لیے آتشبازی کا سامان لانے والے سپلائر محمد عمر کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے 500 انار، 480 سفید انار اور 100 گولے سمیت دیگر سامان آتشبازی اور ایک پسٹل برآمد ہوا۔ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
آر پی او راولپنڈی کائنات اظہر خان نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول واہ کینٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ اس کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل کو بروقت حل کرنا تھا۔
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ ٹیکسلا پولیس نے ایک ملزم سے پسٹل اور ایمونیشن، جبکہ سول لائنز پولیس نے ایک ملزم سے شراب، اور ریس کورس پولیس نے ایک اور ملزم سے چرس برآمد کی۔ ان کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار
راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور تمام اقدامات قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔