هفته,  04 جنوری 2025ء
2025 میں گوگل کی جانب سے کس شعبے پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے کہا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی پر 2025 میں کمپنی کی جانب سے سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔

گوگل ملازمین سے ایک خطاب میں انہوں نے کہا کہ 2025 کمپنی کے لیے انتہائی اہم برس ثابت ہوگا۔

18 دسمبر کو کیے جانے والے خطاب میں سندر پچائی نے کہا کہ ‘میرے خیال میں 2025 انتہائی اہم سال ثابت ہوگا، میرے خیال میں یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس لمحے کے لیے تیار ہو جائیں اور ہمیں کمپنی کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے’۔

اس لمحے سے ان کی مراد اے آئی میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہے۔

مزید پڑھیں؛ وزارت مذہبی امور نے کامیاب درخواست گزاروں کیلئے موبائل ایپ ”پاک حج 2025“ بنا دی

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس جیمنائی ایپ کافی تیزی سے آگے بڑھی۔

مگر انہوں نے تسلیم کیا کہ ‘ہمیں 2025 میں کافی کام کرنا ہوگا تاکہ اے آئی میں پیشرفت کے حوالے سے خلا کو کم کرسکیں اور قائدانہ پوزیشن قائم کرسکیں’۔

اس سے قبل دسمبر 2024 کے شروع میں ایک کانفرنس کے دوران سندر پچائی نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کا سرچ انجن (گوگل) 2025 میں نمایاں حد تک بدل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‘میرے خیال میں ہم گوگل سرچ میں بہت زیادہ پیچیدہ سوالات کے جواب بھی دے سکیں گے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میرے خیال میں آپ حیران رہ جائیں گے، یہاں تک کہ 2025 کے شروع میں بھی سرچ میں کافی کچھ نیا کرنا ممکن ہوگا’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘جب میں مستقبل کی جانب دیکھتا ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہم بہت بڑی تبدیلی کے ابتدائی مراحل سے گزر رہے ہیں، میرے خیال میں آگے کافی تنوع دیکھنے میں آئے گا، ہم اس شعبے میں سب سے آگے رہنے کے لیے پرعزم ہیں اور میرے خیال میں ابھی بھی ہم سب سے آگے ہیں’۔

مزید خبریں