هفته,  04 جنوری 2025ء
حافظ آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز، ریڑھی بازار گوجرانوالہ روڈ پر قائم کیا جائے گا: اکرام اللہ سندھو

حافظ آباد (شوکت علی وٹو) شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف بازاروں میں تجاوزات ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر ڈپٹی کمشنر حافظ آباد، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کی زیر نگرانی یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز فیصل بازار میں تجاوزات ہٹانے کے دوران دوکانداروں نے مزاحمت کی، جس پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو اور خاتون آفیسر ایم او آر فروا یوسف موقع پر پہنچے۔ دوکانداروں کی جانب سے شٹر ڈاؤن کی دھمکیاں دی گئیں لیکن انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ہٹا دیں۔ دوکاندار اکثر اپنی دوکانوں کے باہر کرایہ پر جگہ لے کر تجاوزات قائم کرتے ہیں، جس سے شہریوں کو پیدل چلنے میں دشواری ہوتی ہے اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔

اکرام اللہ سندھو نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے اس آپریشن کا مقصد شہریوں کو ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڑھیوں کو مخصوص جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے شہر بھر میں ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت گوجرانوالہ روڈ پر ایک خوبصورت ریڑھی بازار قائم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد: شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا گندہ بدبودار پانی کھڑا، شہریوں کی شکایات میں اضافہ

ریڑھی بانوں کو اس بارے میں آگاہی دینے کے لیے ایک مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ انہیں یہ سمجھایا جا سکے کہ نئی جگہ پر منتقل ہونے سے نہ صرف ان کے کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ شہریوں کو بھی سہولت ہو گی۔ اکرام اللہ سندھو نے ریڑھی بانوں کو بلا کر انہیں یقین دلایا کہ وہ نئی جگہ پر منتقل ہونے پر مکمل تحفظ حاصل کریں گے اور ان کے کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اس اقدام سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور ریڑھی بانوں کو ایک اچھا کاروباری مرکز میسر آئے گا جس سے نہ صرف ان کا کاروبار بڑھے گا بلکہ شہر کے ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔

مزید خبریں