پیر,  23 دسمبر 2024ء
حافظ آباد: شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا گندہ بدبودار پانی کھڑا، شہریوں کی شکایات میں اضافہ

حافظ آباد (شوکت علی وٹو) – حافظ آباد شہر میں صفائی ستھرائی کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں، جہاں مختلف علاقوں میں سیوریج کا گندہ اور بدبودار پانی کئی دنوں سے کھڑا ہے۔ شہر کی صفائی کے لیے میونسپل کمیٹی نے نجی کمپنی کو ٹھیکہ دیا تھا، تاہم کمپنی مطلوبہ تعداد میں ملازمین کی بھرتی کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی نکاسی کا نظام متاثر ہو چکا ہے۔ محلہ سلطان پورہ، گلی ملک جمیل نمبر 2، سیف کالونی مدھریانوالہ بائپاس، مبارک کالونی مسجد یارسول اللہ، کسوکی روڈ، چرچ روڈ، ریلوے قبرستان کے درمیان واقع روڈ اور حسن ٹاؤن کی طرف جانے والی سڑک پر سیوریج کا پانی کھڑا رہتا ہے جو شہریوں کے لیے عذاب بن چکا ہے۔

خاص طور پر محلہ سلطان پورہ اور سیف کالونی میں گزشتہ ایک ماہ سے گندہ پانی کھڑا ہے، جبکہ مبارک کالونی اور دیگر علاقوں میں یہ صورت حال کئی سالوں سے برقرار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سیوریج کا پانی نہ صرف بدبو پھیلانے کا باعث بنتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔

ماضی میں میونسپل کمیٹی حافظ آباد اور پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ کے تحت کروڑوں روپے کی لاگت سے سیوریج لائنز ڈالی گئیں، لیکن یہ لائنیں مبینہ کرپشن کی نذر ہو چکی ہیں اور اب کام نہیں کر رہیں۔ اس خرابی کی وجہ سے محلہ بہاولپورہ غربی، حسن ٹاؤن اور مبارک کالونی کی ڈیڑھ لاکھ کی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان سیوریج لائنز کی درستگی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مبینہ کرپشن کے حوالے سے انکوائری کی جائے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی حافظ آباد اور متعلقہ حکام کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور شہریوں کی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد: رات 12 بجے دوکانات بند کروانے سے کاروباری طبقہ نالاں

مزید خبریں