پیر,  23 دسمبر 2024ء
حکومت پاکستان کا یو اے ای میں قید 4ہزار 700 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )پاکستانی حکومت نے یو اے ای میں قید 4 ہزار 700 پاکستانی قیدیوں کے پاسپورٹس بلاک کر دیے ہیں، تاکہ ان قیدیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے اور ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، امارات میں مجموعی طور پر 5 ہزار 292 پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں، جن میں منشیات کی اسمگلنگ، فراڈ، چوری، قتل اور راہزنی جیسے جرائم شامل ہیں۔

یو اے ای کی حکومت نے ان پاکستانیوں کے جرائم کی تفصیلات پاکستانی حکام کو فراہم کی ہیں، جس کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی کے حکم پر ان قیدیوں کے پاسپورٹس بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی قیدیوں میں سے 2 ہزار 470 منشیات کے کیسز میں ملوث ہیں، جبکہ 100 افراد فراڈ اور دھوکہ دہی میں شامل ہیں۔ چوری کے جرائم میں ملوث 704 پاکستانیوں اور قتل و راہزنی کے 216 ملزمان کے پاسپورٹس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، یو اے ای میں غیر قانونی طور پر مقیم 375 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بھی بلاک کیے گئے ہیں۔

یہ اقدامات حکومت پاکستان کی جانب سے یو اے ای میں پاکستانی شہریوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے اور ملک کی بین الاقوامی ساکھ کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں