هفته,  05 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں: خطرناک ملزمان کی گرفتاری، کھلی کچہری اور غازی کانسٹیبل کو اعزاز

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) تھانہ گوجر خان پولیس نے انتہائی خطرناک ملزمان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے ڈیرے سے منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کی۔ پولیس نے ملزمان کے ڈیرے پر ریڈ کیا، تاہم ملزمان پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔ برآمد ہونے والی منشیات میں 64 کلو سے زائد چرس، 1860 گرام ہیروئن، 730 گرام افیون اور 210 گرام آئس شامل ہیں۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مزید ریڈز کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

دریں اثنا، اے ایس پی ٹیکسلا کائنات اظہر خان نے ٹیوٹا (Tevta) کالج ٹیکسلا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اے ایس پی ٹیکسلا نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر قانونی کارروائی کرکے رپورٹ دئیے گئے ٹائم فریم کے اندر فراہم کی جائے۔ کائنات اظہر خان نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل کو سننا اور ان کا فوری حل کرنا ہے۔

اسی دوران، غازی کانسٹیبل انعام علی کی تھانہ ٹیکسلا آمد ہوئی، جہاں ممبر صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان، ایس ڈی پی او ٹیکسلا کائنات اظہر خان اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ غازی انعام علی کو بہادری کے شاندار مظاہرے پر پریزیڈنٹ پولیس میڈل (PPM) سے نوازا گیا۔ یہ میڈل انہیں دھمیال کے علاقے میں خطرناک ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد دیا گیا۔ ایم پی اے محسن ایوب خان نے کہا کہ غازی انعام علی ہمارے ہیرو ہیں، جبکہ اے ایس پی ٹیکسلا نے انہیں راولپنڈی پولیس کا فخر قرار دیا اور کہا کہ وہ فرض کی راہ میں قربانی دینے والے پنجاب پولیس اور قوم کے محسن ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی انسانی اسمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

مزید خبریں