دیر(روشن پاکستان نیوز) ہمارے ارد گرد موجود اکثر اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ایسے بھی ہیں جو انگریزی کے دو جملے روانی سے بولنے میں گھبراتے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر لوئر دیر کی کم سن شمائلہ نے فر فر انگریزی میں باتیں کر کے سب کو متاثر کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لوئر دیر سے تعلق رکھنے والی کم سن شمائلہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو کبھی اسکول تو نہیں گئی لیکن انگریزی سمیت 6 زبانیں بولنا جانتی ہے۔
پاکستان کے شمالی علاقے متنوع ثقافتوں، مختلف رنگ و نسلوں اور خوبصورت مناظر سے بھرپور ہیں۔
یہاں کے مقامی لوگ بہت ذہین اور جلدی سیکھنے والے ہیں۔
اگرچہ بہت سے لوگ رسمی اسکولوں میں نہیں جاتے لیکن انہیں گلگتی، پشتو، اردو اور انگریزی سمیت کئی مختلف زبانیں سکھائی جاتی ہیں جس سے انہیں ٹور گائیڈ کے طور پر فائدہ ہوتا ہے۔
حال ہی میں لوئر دیر کی کم سن شمائلہ نے روانی سے انگریزی بولنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔
شمائلہ کے مطابق وہ کبھی اسکول نہیں گئیں لیکن انہیں انگریزی سمیت 6 زبانوں پر عبور حاصل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میری والدہ کا تعلق چترال سے جبکہ میرے والد کا تعلق پشاور سے ہے، میرے والد 14 زبانیں بولتے ہیں اور میں 6 زبانیں بول سکتی ہوں، میں نے یہ زبانیں اسکول سے نہیں سیکھی ہیں، مجھے گھر پر انگریزی پڑھائی جاتی تھی۔
شمائلہ نے یہ بھی بتایا کہ میں اردو، انگریزی، پنجابی، سرائیکی، پشتو اور چترالی میں روانی سے بات کر سکتی ہوں، میں مونگ پھلی اور سورج مکھی کے بیج فروخت کرتی ہوں۔
کم سن لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین اسے خوب سراہ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: 53 سالہ خاتون سور کے گردے کی پیوندکاری کیساتھ زندہ رہنے والی واحد انسان بن گئی، دلچسپ خبر!