جمعرات,  19 دسمبر 2024ء
پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کی جانب سے سفیر پاکستان عاصم افتخار کے اعزاز میں الوداعی تقریب

پیرس (روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر کی طرف سے سفیر پاکستان عاصم افتخار کے اعزاز میں ایک پُر وقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سفیر عاصم افتخار اب امریکا میں اقوام متحدہ میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے سفیر عاصم افتخار کی کمیونٹی کے لیے کی جانے والی خدمات کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ “سفیر عاصم افتخار نے ہمیشہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح دی اور کمیونٹی کے مفاد میں کئی اہم اقدامات کیے۔ فرانس میں پاکستانی کمیونٹی ان کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔”

کمیونٹی جموں کشمیر فورم فرانس کے چیئرمین اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نعیم چوہدری نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ عاصم افتخار اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے اور عالمی سطح پر اس کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر رہنما سردار ظہور اقبال نے سفیر عاصم افتخار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی نئی ذمہ داریاں عالمی سطح پر پاکستان کے مفاد میں ہوں گی۔

اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنما بھی شریک تھے، جس سے یہ پیغام گیا کہ پاکستان کے تمام سیاسی دھڑے اپنے ملک کے مفاد کے لیے متحد ہیں۔

مزید پڑھیں: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ فرانس میں سفیر تعینات

سفیر عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس اور دیگر پاکستانی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ وقت گزارنا ہمیشہ ان کے لیے فخر کا باعث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران بھی پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیح دیں گے اور کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس خوبصورت تقریب کا اختتام دعا اور نیک خواہشات کے ساتھ ہوا۔

مزید خبریں