اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے پارہ چنار سے تعلق رکھنے والے عمائدین، مشران اور انجمن حسینیہ پارہ چنار کے وفد کی ملاقات، وفد نے پارہ چنار کی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران اور مقامی کشیدگی کے حوالے سے ملاقات کی اور امن و امان کی خاطر منعقدہ جرگہ سمیت دیگر صورتحال پر مکمل بریف کیا، جس کے بعد جید علمائے کرام اور عمائدین، ممبران جرگہ پارہ چنار نے مندرجہ ذیل اعلامیہ جاری کیا، تمام جید علمائے کرام، عمائدین اور ممبران جرگہ نے مقامی عوام کو اگلے لائحہ عمل تک پرامن رہنے کی بھی تلقین کی۔ اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق ضلع کرم بالخصوص پارہ چنار کی عوام کے لیے گزشتہ ستاسٹھ دنوں سے راستوں کی بندش اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے پارہ چنار کے زمینی رابطے منقطع ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکمرانوں کے اس اقدام کو غیر انسانی اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور اس انسانی بحران کی کیفیت کے باعث حکمرانوں سے فی الفور راستوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ حکمران ملک کے دیگر حصوں کی طرح پارہ چنار کی محب وطن عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ترجیح بنیادوں پر انتظامات کریں۔راستوں کی بندش کی وجہ سے ادویات کے ناپید ہونے کے باعث معصوم بچوں اور بزرگوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں جو انسانی المیہ کے مترادف ہے لہذا حکمران فوری طور پر ادویات پارہ چنار باہم پہنچا کر مزید انسانی جانوں کو نقصان سے بچائیں۔مقامی عوام کو راستوں کی بندش کے تحت اشیائے خورد و نوش و دیگر ضروریات زندگی کی شدید قلت کا سامنا ہے جو ایک انسانی المیہ ہے لہذا حکمران ترجیح بنیادوں پر ضروریات زندگی باہم پہنچانے کے اقدامات کریں۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ حکمران تمام نکات پر فی الفور عمل کو یقینی بنائیں بصورت دیگر اگلے مرحلے پر ملک گیر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی، آیت اللہ علامہ سید حافظ ریاض حسین نجفی، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ افضل حیدری، شیخ محمد حسن جعفری، علامہ فدا حسین مظاہری، علامہ شیخ شفاء نجفی، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، علامہ عارف واحدی، علامہ شیخ انور علی نجفی، علامہ محمد تحسین ، سید ناصر شیرازی، زاہد علی آخونزادہ، سیکٹری انجمن حسینیہ جلال حسین اور صدر تحریک حسینی مولانا تجمل حسین، سید سجاد میاں اور ولی سید میاں، انجینئر حمید حسین، سجاد حسین طوری، علامہ مرتضی علوی، حاجی ضامن حسین، حاجی محمد نذر، پروفیسر شبیر حسین، شبیر ساجدی، ہادی علی عرفانی، حاجی نوروز، ماسٹر نیاز محمد، حاجی رؤوف، سید رضا، ابرار حسین، نظیر احمد، قاضی افتخار، حاجی سردار ٹوبکی، ملک سردار صدرہ، احمد علی طوری، عنایت طوری، ارشاد بنگش، ارشاد حسین سمیت دیگر اہم افراد شریک تھے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف سے برطانیہ میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاک آرمی ٹیم کی ملاقات