راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے اسلام آباد ریجنل سینٹر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں میڈیکل تعلیم، خاص طور پر ایمرجنسی میڈیسن کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی آئرلینڈ کی سفیر محترمہ میری او نیل تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں اس تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس تقریب میں دیگر معزز مہمانوں میں یمن کے سفیر محترم محمد مطہر الاشعبی، افغانستان کے سفیر محترم مولوی سردار احمد شکیب، ایران کے سفیر محترم رضا امیر مقدم، بحرین کے سفیر محترم محمد ابراہیم محمد عبدالقادر، سوڈان کے نائب سفیر محترم احاب عبدالرزاق اور فلسطین کے سفیر محترم احمد جواد اے اے رباعی شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی کے سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل ارشد نسیم سمیت جنرل آفیسرز اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ایڈوائزر ہیلتھ میجر جنرل اظہر کیانی، وزارت خارجہ کے عہدے داران مسٹر طاہر اندرابی اور مسٹر الیاس محمود نظامی، اور سپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر برائے افغانستان محمد صادق خان بھی تقریب کا حصہ تھے۔ سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر شعیب شفیع نے سی پی ایس پی کی قومی اور عالمی سطح پر خدمات پر روشنی ڈالی اور میڈیکل تعلیم کے میدان میں اس کی شاندار کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
سی پی ایس پی کے سینئر نائب صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے سی پی ایس پی اور آئرلینڈ کی ہیلتھ سروسز ایگزیکٹو (HSE) کے درمیان دہائیوں پر محیط شراکت داری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تعاون 2008 میں شروع ہوا اور 2013 میں پہلی بیچ کو شامل کیا گیا۔ اس پروگرام نے ایمرجنسی میڈیسن کی تربیت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
تقریب کے اختتام پر معزز سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو تحائف اور شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس پُرتکلف تقریب کا اختتام ایک شاندار عشائیے کے ساتھ ہوا، جس نے میڈیکل تعلیم کے شعبے میں عالمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم ،آئی جی اسلام آباد نےملزمان کو نوٹسز جاری کر دیے