پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 18 دسمبر کو ہو گا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاری سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے بھی رجسٹریشن کے عمل کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں اپنے قیام کے بعد سے اپنے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کت ساتھ مل کر ہم نے ایک طویل اور کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ تاریخی 10 واں سیزن سب کے لیے مزید جوش و خروش لانے کا وعدہ کرتا ہے۔ پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری جبکہ کیٹگری کی تجدید کا اعلان 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔ پی ایس ایل 8 اپریل سے 19 مئی 2025 کے درمیان شیڈول ہے۔پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے لیے ڈرافٹ بیرون ملک ہو گا۔ یا پاکستان میں اس کا فیصلہ آئندہ میٹنگ میں ہو گا۔ آئی پی ایل میں نظرانداز ہونے والے غیر ملکی کرکٹرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پی ایس ایل میں انگلش کھلاڑیوں کی شمولیت ای سی بی کے این او سی سے مشروط ہو گی۔
انگلش پلیئرز اور ای سی بی کے درمیان این او سی کے معاملے پر تنازع چل رہا ہے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تمام کھلاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے کے بعد حتمی فہرست جاری کرے گا۔ ڈرافٹ کے لیے 400 سے زائد غیرملکی کھلاڑیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا امکان ہے۔