هفته,  14 دسمبر 2024ء
حکومت نے وفاق اور چاروں صوبوں میں خصوصی عدالتیں تشکیل دے دیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت پاکستان نے وکلاء کے تحفظ کے لیے پورے پاکستان میں خصوصی عدالتیں تشکیل دے دیں۔

وزارتِ قانون نے وفاق اور چاروں صوبوں میں خصوصی عدالتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتیں لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023ء کے تحت قائم کی گئی ہیں۔

وزارتِ قانون کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے عمل میں لایا گیا ہے۔وکلاء کو ہراساں کرنے یا وکلاء پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل خصوصی عدالتوں میں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینئر ترین ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اورسینئر سول جج ایڈمن کو اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں،پنجاب کے ہر ضلع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج۔1 اور سینئر سول جج وکلا پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمات سنیں گے۔

اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اورسینئر سول جج ایسٹ ویسٹ کو اختیارات تفویض کئے گئے ہیں، صوبہ سندھ کے ہر ضلع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج۔1 خصوصی عدالتوں کے تحت مقدمات سننے کے مجاز ہوں گے۔

وزارت قانون کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ہر ضلع کے سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹ کو خصوصی عدالتوں کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: انڈس موٹر کا پاکستان میں پلانٹ بند کرنے کا اعلان

مزید خبریں