اتوار,  05 جنوری 2025ء
پی ٹی آئی کے 8 روپوش رہنما اشتہاری قرار

 

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 روپوش رہنماؤں کو عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو کلمہ چوک پر کینٹینر جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں پولیس کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے 8 رہنماؤں کا اشتہار قرار دے دیا۔

عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے گئے پی ٹی آئی رہنماؤں میں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر اور مراد سعید شامل ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبد الصمد اور واثق قیوم کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا۔ جبکہ عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو چکے ہیں۔ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے تھے مگر وہ گرفتار نہ ہو سکے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میں جامع اور غیر مشروط مذاکرات کا حامی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی مقدمہ میں کیس سے ڈسچارج ہونے کہ درخواست دائر کی ہے۔ مقدمات تمام جعلی ہیں اور تمام میں بریت ہو گی۔مذکرات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی بیٹھک سے ہی ہوتا ہے۔ اور مذاکرات ہر اسٹیج پر ہونے چاہئیں۔ جامع اور غیر مشروط مذاکرات کا حامی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈنا ضروری ہے۔ اور پہلے بھی ہم آگے کی طرف بڑھ رہے تھے۔ پہلے بھی رابطے بہترین جا رہے تھے تاہم ایک سطح پر مذاکرات ختم ہو گئے۔

مزید خبریں