لندن(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان کو بانی و چیئرمین فرزند پاکستان ایوارڈز ورلڈ وائیڈ، ذوالفقار علی بھٹو نے لندن کے مے فیئر وینیو میں تیسرے فرزند پاکستان ایوارڈز اور اعزاز 2024 میں فرزند پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ مختلف شعبوں میں کامیاب افراد کو دیا گیا جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
راجہ سکندر خان کو یہ ایوارڈ ان کی انسانی حقوق کے حوالے سے کامیاب انسان دوست کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ خاص طور پر اُن کی غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں بے گناہ لوگوں پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج اور کشمیر کانفرنسوں اور سیمینارز کے ذریعے برطانوی و یورپی پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ میں مظلوم عوام کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے پر انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔
راجہ سکندر خان نے اپنی مختصر تقریر میں اس ایوارڈ کے اعزاز پر آرگنائزر چیئرمین فرزند پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور نامزد سابق کونسلر زاہدہ نوری آف ساؤتھ ہال اور جاپان سے اکرام چوہدری کا بھی شکریہ کیا۔ راجہ سکندر نے حاضرین کو پیغام دیا کہ ہم ایک ایسے ملک میں رہنے کے لئے خوش قسمت ہیں جہاں رائے کی آزادی ہے اور پارلیمنٹ کے ممبران اور وزیروں تک آسان رسائی ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائیں، خاص طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں۔
مزید پڑھیں: لندن پولیس نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کی تفتیش ختم کر دی
اپنے اختتامی کلمات میں انہوں نے کہا، “میں ہمیشہ کی طرح یہ ایوارڈ غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے نام کرتا ہوں۔”
یہ ایوارڈ راجہ سکندر خان کی عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لئے کی جانے والی مسلسل جدوجہد اور ان کی بے لوث خدمات کا اعتراف ہے۔