لاہور(روشن پاکستان نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے۔ یہ بھی بری طرح سے ناکام ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے۔ اور آج ہم جو کچھ ہیں اس ملک کی بدولت ہیں۔ اقلیتی برادری کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتشار اور تقسیم کی سیاست کا انکار کرنا ہے۔ جبکہ ملکی ترقی کے لیے سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان کے لیے مسیحی برادری کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اقلیتی برادری کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اور اقلیتی برادری کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ جبکہ عوام تشدد اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں۔ لاشوں کی سیاست کا جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔ اور بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے۔ سول نافرمانی کی کال بھی بری طرح ناکام ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی والےاحتجاج کے دوران فرار ہوئے ہیں۔ اور بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی مستقبل نہیں۔ مہنگائی کم ہو کر اب 4 فیصد پر آگئی ہے۔