راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے شبلی فراز، شہریار آفریدی، زین قریشی، کنول شوزب، طاہر صادق اور تیمور مسعود ملک کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران سی پی او راولپنڈی کو ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ ملزمان کو گرفتار کر کے 10 دسمبر کو پیش کیا جائے۔
ادھر، جناح ہاؤس حملہ کیس میں جیل ٹرائل کیلیے پیش نہ ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے عالیہ حمزہاور طیبہ راجہ سمیت 11 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
اے ٹی سی لاہور نے ملزمان کو 19 دسمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔
3 سمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں اے ٹی سی راولپنڈی نے علی امین گنڈاپور سمیت 46 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس پر اب تک عمل نہیں ہو سکا۔
ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے اور ملزمان پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔