جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
پی ٹی وی نیوز سنٹر اسلام آباد میں “ورلڈ ترک کافی ڈے” کی خصوصی تقریب کا انعقاد

 

اسلام آباد (سدھیر احمد کیانی) پاکستان ٹیلیویژن (پی ٹی وی) نیوز سنٹر میں ترک سفارتخانے کے اشتراک سے “ورلڈ ترک کافی ڈے” کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد ترک ثقافت کی قدیم وراثت اور ترکی کی مشہور کافی کی روایت کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نزیروغلو، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر عنبرین جان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سپیشل انیشیٹوز دانیال گیلانی، ڈائریکٹر نیوز ڈاکٹر ہارون الہی، انچارج پی ٹی وی ورلڈ نمود مسلم اور ڈائریکٹر کرنٹ افئیرز چوہدری محمد سلیم سمیت نیوز سنٹر کے دیگر افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں اور ترک کافی نہ صرف مہمان نوازی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ ترک قدیم روایات کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور آرٹس میں تعاون کا فروغ عوامی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیروغلو نے ترک کافی کی تاریخی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ترک کافی صرف ایک مشروب نہیں بلکہ ایک قدیم روایت ہے جو صدیوں سے نسل در نسل منتقل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترک کافی کی تیاری کے مختلف مراحل ہماری ثقافتی وراثت کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ گانے اور شاعری پر اثر انداز ہو چکی ہے۔ ترکی کی کافی اب ہماری تاریخ کا ایک علامتی نشان بن چکا ہے۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر عنبرین جان نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان نہ صرف مضبوط تاریخی تعلقات ہیں بلکہ اب دونوں ممالک اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کافی دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافتی محبت کی عکاسی کرتی ہے۔

اس تقریب میں ترک کافی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا اور شرکاء کو ترک ثقافت کی اہمیت اور اس کے تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا گیا۔

مزید خبریں