اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں بڑا بریک تھرو ہوا، دونوں ممالک ماسکو سے پاکستان تک ٹرین چلانے پر متفق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور زمینی تعلقات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ملکوں میں کارگو ٹرین چلانے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے روسی میڈیا سے انٹرویو میں بتایا آزمائشی طور پر یہ ٹرین آئندہ سال مارچ سے شروع کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کارگو ٹرین براستہ ایران اور آذربائیجان روس جائے گی، ٹرین نارتھ ساؤتھ کوریڈور کے تحت چلائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا روس اور پاکستان کے درمیاں براہ راست ایئر سروس چلانے پر بھی کام جاری ہے۔
دوسری جانب ماسکو میں روس اور پاکستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس ہوا ، دونوں ملکوں کے وزیرتوانائی کی زیرصدارت مشترکہ اجلاس ہوا، جس مین فریقین نے بین الحکومتی کمیشن کے فیصلوں پرعمل درآمد کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔
پاکستان اورروس نے کراچی میں نئی اسٹیل مل کی تعمیر کیلئے روڈ میپ تیارکرنے پر اتفاق کیا۔
گذشتہ روز پاکستان اور روس کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے، دوطرفہ تجارت، تجارتی، صنعتی و معاشی تعاون کے فروغ، انسولین کی تیاری کے حوالے سے معاہدے شامل ہیں۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو فروغ مل رہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اقتصادی تعاون دونوں ملکوں کیلئے اہم ہے۔
مزید پڑھیں:اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور تاریخی دن ، انڈیکس ایک لاکھ ، 5 ہزار 845 کی سطح پر پہنچ گیا
اس موقع پر روسی وزیر سرگئی تسویلیف نے کہا تھا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات دیرپا دوستی اور اعتماد پر مبنی ہیں۔