جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
اوورسیز کمیشن بل کی منظوری دیدی گئی

 

خیبر پختونخوا اسمبلی نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے حل کیلئے اوورسیز کمیشن بل 2024 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے بل پاس کرنے کیلئےایوان میں تحریک پیش کی، بل میں اے این پی اور مسلم لیگ ن لیگ کے اراکین اسمبلی کی ترامیم بھی منظور کرلی گئیں۔بل کے تحت اوورسیز شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیشن قائم کیا جائے گا، گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے افسر کو کمشنر مقرر کیا جائے گا جبکہ وزیر اعلیٰ اوورسیز کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی اوورسیز پاکستانی کمیشن کیلئے 2 اراکین اسمبلی کا انتخاب کریں گے۔بل کے تحت کمشنر اوورسیز شہریوں کی شکایات کو متعلقہ سرکاری ایجنسی یا ضلعی کمیٹی کو بھیجیں گے اور اوورسیز شہریوں کے شکایات کا ازالہ نہ ہونے پر سرکاری افسران اور اہلکاروں کے خلاف ڈسیپلنری ایکشن تجویز کریں گے۔

بل کے تحت اوورسیز کمیشن چھ ماہ بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گا، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ویب سائٹ اور ایپ بنایا جائے گا، اوورسیز پاکستانی ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے کمیشن سے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔

مزید خبریں