جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
کھانے کے بعد صرف 5 منٹ کی چہل قدمی سے صحت بہتر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اگر کھانے کے بعد صرف 5 منٹ چہل قدمی کی جائے تو صحت پر واضح فرق پڑتا ہے۔

ماہرینِ صحت چہل قدمی کو معمول کا حصہ بنانے پر زور تو دیتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں کہ چہل قدمی کو معمول میں شامل کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ گھنٹوں پیدل چلیں بلکہ کھانے کے بعد صرف 5 منٹ کی چہل قدمی سے بھی صحت پر مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں۔

امریکی غذائی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی توانائی کی سطح کو بڑھانے، ہاضمے کو بہتر بنانے اور خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں خاص طور سے کھانے کے بعد مختصر دورانیے کی چہل قدمی کو معمول بنانے سے ڑصحت سے منسلک مختلف مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر دن بھر میں بیشتر وقت بیٹھ کر گزاریں تو تھکن محسوس ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جبکہ اگر جسم حرکت میں رہے تو خون کی گردش سے غذائی اجزاء کی گردش بھی ہوتی ہے، جس سے توانائی ملتی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ، جیل سے منتقلی کی خبروں میں صداقت نہیں ، ذرائع

ماہرین نے بتایا ہے کہ ایسے افراد جو زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں انہیں چاہیے کہ کھانے کے بعد صرف 5 منٹ کی چہل قدمی کو اپنا معمول بنائیں اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کے دورانیے میں اضافہ بھی کریں۔

تحقیق کے مطابق روزانہ 5 سو اضافی قدم چلنے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، مختلف بیماریوں کے خطرات کم اور دیگر صحت مند عادات پر قائم رہنا آسان ہو جاتا ہے۔

مزید خبریں