هفته,  05 اپریل 2025ء
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر کی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

 

اسلام آباد(عرفان حیدر،عکاسی سجاد حسین) پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران 2025 میں ایتھوپیا کے دارالخلافہ ادیس ابابہ میں پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے کہا کہ اس نمائش سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی روابط میں مزید بہتری آئے گی اور یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دے گی۔

ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے مزید کہا کہ ایتھوپیا کی “ہوم گرون اکنامک ریفارمز” سرمایہ کاروں کے لیے ایک دوستانہ ماحول فراہم کر رہی ہیں، جو پاکستانی تاجروں کے لیے نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گی۔ ایتھوپیا کے ساتھ فلائٹ آپریشنز بھی تجارت اور روابط میں بہتری لا رہے ہیں، اور اس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

پاکستانی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سنگل کنٹری نمائش مئی 2025 میں ہوگی، اور اس سے قبل دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے لیے پاکستان میں سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ ایتھوپیا اس وقت افریقہ میں اقتصادی ترقی کا ایک اہم مرکز بن رہا ہے، اور پاکستان اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادیس ابابا میں ہونے والی سنگل کنٹری نمائش پاکستانی تاجروں کو افریقی مارکیٹ میں نئے تجارتی مواقع فراہم کرے گی، جس سے پاکستان کی افریقہ کے ساتھ تجارتی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔

وزیر تجارت نے کہا کہ وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہیں، اور یہ نمائش پاکستان کے “لُک افریقہ پالیسی” کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افریقہ کی 1.4 ارب کی مارکیٹ پاکستانی برآمدات کے لیے بے پناہ مواقع رکھتی ہے، اور سنگل کنٹری نمائش افریقہ میں پاکستان کے تجارتی مقام کو مزید مستحکم کرے گی۔

جام کمال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی تاجروں کے لیے افریقہ کے ساتھ تجارت کا نیا باب کھولنے جا رہے ہیں، اور ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں