هفته,  05 اپریل 2025ء
ایتھوپیا اور پاکستان کا ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ایتھوپیا اور پاکستان نے جمعہ کے روز ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں اگلے سال ہونے والی سنگل کنٹری نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس نمائش کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری مواقع فراہم کرنا اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

یہ فیصلہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان تجارت، ثقافت، ہوا بازی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاہدات ہوئے ہیں جن میں کراچی میں ایتھوپین ایئر لائنز کی پروازوں کا آغاز بھی شامل ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کو افریقہ کے دروازے کے طور پر متعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ملک 1.4 ارب سے زائد کی آبادی پر مشتمل ایک بڑی مارکیٹ ہے، جس کا فائدہ پاکستانی تاجروں کو پہنچے گا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کے لیے تیاریاں کر رہی ہیں اور حکومت پاکستان افریقہ کے ساتھ روابط بڑھانے اور تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “لُک افریقہ” اور “اینگیج افریقہ” پالیسی کے تحت پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

مزید خبریں