اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2025 میں غیر یورپی یونین کے ممالک سے ساڑھے 8 ہزار ہنر مند کارکنوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس فیصلے کے تحت سوئٹزرلینڈ میں غیر ملکی ورکرز کے کوٹے کو اسی سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔
سوئس فیڈرل کونسل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک کی معیشت میں افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے اور ضروری ہنر تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، سوئٹزرلینڈ برطانیہ کے کارکنوں کے لیے بھی خصوصی کوٹے کا اطلاق جاری رکھے گا، جس کے تحت 2025 میں 3 ہزار تک برطانوی کارکن بھرتی کیے جا سکیں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں غیر ملکی کارکنوں کے کوٹے کا استعمال حالیہ برسوں میں کم رہا ہے۔ 2023 میں کوٹے کا صرف 78 فیصد اور 2024 میں تقریباً 63 فیصد استعمال کیا گیا۔ سوئس حکومت نے کہا ہے کہ غیر ملکی کارکنوں کا داخلہ معاشی ضروریات کے مطابق ہو گا، اور مقامی و یورپی کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان قرض کا بڑامعاہدہ ہوگیا