راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ اس فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی سیکورٹی ناصر علی خان نے کی، جس کا مقصد امن و امان کا قیام اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار تھا۔
فلیگ مارچ میں 6000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور کسی غیر قانونی سرگرمی میں شامل ہونے کی حوصلہ شکنی کریں۔