چترال(روشن پاکستان نیوز) لوئر چترال پولیس نے نوجوان نسل میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اور خودکشی جیسے سنگین سماجی مسئلے کی روک تھام کے لیے ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال، افتخار شاہ، کی خصوصی ہدایات پر انچارچ SUICIDE PREVENTIVE UNIT سب انسپکٹر دلشاد پری اور انچارچ ٹریفک وارڈن پولیس ASI فضل کریم نے آغا خان ہائیر سکینڈری اسکول سین لشٹ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران، طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت اور ان کی روزمرہ زندگی میں عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے گئے۔ اس کے علاوہ، خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے SUICIDE PREVENTIVE UNIT کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی۔
سب انسپکٹر دلشاد پری نے اپنی گفتگو میں خودکشی جیسے نازک موضوع پر بات کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زندگی کی مشکلات کا مقابلہ ہمت اور حوصلے کے ساتھ کریں اور کسی بھی ذہنی دباؤ کی صورت میں اپنے قریبی لوگوں یا متعلقہ اداروں سے مدد حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ SUICIDE PREVENTIVE UNIT کا مقصد عوام کو اس حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا اور بروقت مدد مہیا کرنا ہے۔
ASI فضل کریم نے طلباء کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوانین کی پابندی نہ صرف ان کی اپنی جان کی حفاظت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ معاشرتی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو حادثات سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور ذمہ دار شہری بننے کی تاکید کی۔
اس مہم کا مقصد نوجوان نسل کو نہ صرف قوانین کے حوالے سے شعور دینا ہے بلکہ ان کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے اور انہیں زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔ شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ لوئر چترال پولیس نے اس اقدام کو معاشرتی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق
لوئر چترال پولیس کے اس اقدام کو مقامی عوام کی جانب سے بھی بے حد سراہا جا رہا ہے، جو اسے ایک مثبت تبدیلی کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔