جمعرات,  21 نومبر 2024ء
راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائیاں: کار سنیچنگ میں ملوث ملزم ہلاک، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) تھانہ دھمیال کے علاقے میں رات گئے کار سنیچنگ کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران ایک کار سنیچر ہلاک ہوگیا۔ چند گھنٹے قبل چھینی گئی کرولا کار بھی بازیاب کر لی گئی۔ ہلاک ہونے والے سنیچر کی شناخت گلزار کے نام سے ہوئی، جو پہلے بھی کار اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

تفصیلات کے مطابق دھمیال پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ملزمان رنیال میں گن پوائنٹ پر شہری سے کرولا کار چھین کر فرار ہو رہے ہیں۔ پولیس نے گرجا روڈ پر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک کار سنیچر ہلاک ہو گیا۔ چند ہی لمحوں بعد چھینی گئی کرولا کار بھی پولیس کے قبضے میں آگئی۔ ہلاک ہونے والے ملزم گلزار کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، ایس ڈی پی او صدر اور دھمیال پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والوں کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔

ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ایس پی صدر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ مارک کردہ درخواستوں پر دیے گئے ٹائم فریم کے اندر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

راولپنڈی پولیس کی منشیات کے خلاف موثر کارروائی: 9 ملزمان گرفتار، 13 کلو سے زائد چرس برآمد

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات سپلائرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔ مختلف پولیس اسٹیشنز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سے ساڑھے 13 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ ان میں سے ٹیکسلا پولیس نے دلاور سے 2 کلو 610 گرام چرس، سول لائنز پولیس نے اظہر سے 2 کلو 200 گرام چرس، اور وارث خان پولیس نے ذوالفقار سے 1 کلو 400 گرام چرس برآمد کی۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ منشیات کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔

نیوٹاؤن پولیس کی کارروائی: فائرنگ کرنے والے سیکورٹی گارڈ کو گرفتار

نیوٹاؤن پولیس نے شادی ہال میں معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرنے والے سیکورٹی گارڈ رئیس کو گرفتار کیا۔ ملزم نے فائرنگ کر کے قیصر اور اس کی 7 سالہ بیٹی کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کو گرفتار کر لیا۔

ائیرپورٹ پولیس کی کارروائی: بائیک لفٹنگ میں ملوث ملزم گرفتار

ائیرپورٹ پولیس نے بائیک لفٹنگ اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم حمزہ کو گرفتار کیا۔ ملزم سے 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 1 موبائل فون اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

مندرہ پولیس کی کارروائی: بوگس کال کرنے والا ملزم گرفتار

مندرہ پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر بوگس کال کرنے والے ملزم ابرہیم کو گرفتار کیا۔ ملزم نے پولیس کو جھوٹی اطلاع دی تھی کہ اس کی بھیڑ بکریاں چھین لی گئی ہیں۔ تحقیقات کے دوران ایسا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں: ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مختلف قسم کے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔

راولپنڈی پولیس کی سرچ آپریشنز: کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 7 ملزمان گرفتار

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے اور کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔

مزید خبریں