اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ماڈل کالج ایف ٹین ٹو میں ایک شاندار تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، جس میں جونیئر اور سینئر سیکشن کی نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ اس خصوصی موقع پر ممبر قومی اسمبلی انجم عقیل خان مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے، جب کہ کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ روف نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔
تقریب میں نومنتخب عہدیداران میں صدر شزہ طارق، نائب صدر بشری فاطمہ، جزل سیکرٹری دعا قمر، ہیڈ گرل ایمان وارث، ڈپٹی ہیڈ گرل عائشہ تحریم اور مختلف شعبوں کی سیکرٹریز اور نمائندگان کلاس شامل تھیں۔ تمام عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کالج کی ترقی اور طالبات کی فلاح کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
تقریب کے دوران کالج میں بہترین تعلیمی رزلٹ پیش کرنے والی اساتذہ کو اعزازی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، جس کے لیے اساتذہ کی محنت اور لگن کو سراہا گیا۔ مہمان خصوصی انجم عقیل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو جدید تعلیم حاصل کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور انہیں اپنے حقوق کا مکمل ادراک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ پوزیشنز پر فائز ہیں۔
انجم عقیل خان نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے خواتین نہ صرف اپنی ذاتی ترقی کر سکتی ہیں، بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو حوصلہ دیا کہ وہ محنت اور لگن سے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آگے بڑھیں۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر شگفتہ روف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کالج کا نشان پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کالج کی انتظامیہ ہمیشہ طالبات کے بہترین تعلیمی معیار اور اخلاقی تربیت کے لیے کام کرے گی۔
اس تقریب کی کامیاب میزبانی اور تنظیم نے کالج کی تعلیمی ماحول کو مزید مضبوط کیا اور طالبات میں قیادت کے جذبے کو فروغ دیا۔
مزید پڑھیں: جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطورچیف جسٹس پاکستان، عہدے کا حلف اٹھالیا