هفته,  23 نومبر 2024ء
ججز کیخلاف 10 شکایات ناکافی مواد اور شواہد کی بنیاد پر خارج کر دی گئیں

سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف 10 شکایات ناکافی مواد اور شواہد کی بنیاد پر خارج کر دیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ججوں کے خلاف 10 شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے دس شکایات ناکافی مواد اور شواہد کی بنیاد پر خارج کر دیں۔

اعلامیے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط کا بھی جائزہ لیا گیا اور کونسل کے اجلاس میں رولز بنانے کے حوالے سے تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کی تجویز پر رولز کا ڈرافٹ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور کونسل نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو تین ماہ کے لیے کونسل کے لیے سیکرٹری تعینات کرنے کا اختیار بھی دیا۔

اعلامیے کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہر ماہ بلایا جائے گا۔

مزید خبریں