واشنگٹن: امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جس میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
امریکا میں 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز الگ الگ وقتوں پر ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔
آج ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں 7 ریاستوں کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگی اور یہ نئے امریکی صدر کے انتخاب میں اہمیت کی حامل ہوں گی۔
امریکی ریاستیں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور وسکونسن کا کردار صدارتی انتخابات میں اہم ہوگا۔
امریکا میں صدارتی انتخابات میں الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز گزشتہ شب نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔