منگل,  05 نومبر 2024ء
راولپنڈی: سی پی او سید خالد ہمدانی کی کہوٹہ سرکل کے افسران کے ساتھ میٹنگ، کارکردگی کا جائزہ،اہم ہدایات جاری

 

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں کہوٹہ سرکل کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، ایس پی سی آئی اے، ایس ڈی پی او کہوٹہ، ڈی ایس پی لیگل، ڈی ایس پی ایڈمن، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران سی پی او نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں متعدد اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ چالان بروقت جمع کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سی پی او نے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں کرایہ داری اور ملازمین کے اندراج کا ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کو مؤثر بنایا جا سکے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری قرار دیا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سابقہ ریکارڈ یافتگان کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ ان کا عزم ہے کہ اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

مزید خبریں