نئی دہلی (روشن پاکستان نیوز) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں ایک گاہک نے اپنی بیوی کے سامنے ‘انکل’ کہنے پر دکاندار کو پیٹ ڈالا۔
پولیس میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ وشال شاستری بھوپال کے علاقے جٹکھیڑی میں ساڑھی کی دکان کے مالک ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کی دکان پر ایک گاہک اور اس کے دوستوں نے اُسے مارا پیٹا۔
مذکورہ گاہک کی شناخت روہت کے نام سے ہوئی ہے، وہ ہفتہ کو اپنی بیوی کے ساتھ وشال کی دکان پر ساڑھی خریدنے آیا تھا، اس جوڑے نے کافی دیر تک کئی ساڑھیاں دیکھیں لیکن انہیں کوئی بھی ساڑھی پسند نہیں آئی۔
دکاندار وشال نے روہت سے پوچھا کہ وہ کس قیمت کی ساڑھیاں خریدنا چاہ رہے ہیں؟ جواب میں روہت نے کہا کہ ‘ہزار روپے کی’، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم اِس سے مہنگی ساڑھی بھی خرید سکتے ہیں، ہمیں کم مت سمجھنا’۔
روہت کی یہ بات سُن کر دکاندار وشال نے کہا کہ ‘انکل! میں آپ کو دوسری رینج میں بھی ساڑھیاں دکھا دیتا ہوں’۔
وشال کے منہ سے ‘انکل’ سُن کر روہت بھڑک گیا اور وشال کو تنبیہ کی کہ وہ اسے دوبارہ ‘انکل’ کہہ کر نہ پکارے، اس بات پر دونوں کے درمیان گرما گرم بحث شروع ہو گئی۔
بحث کے بعد روہت اپنی بیوی کے ساتھ دکان سے چلا گیا، تھوڑی دیر بعد وہ چند آدمیوں کے ساتھ وشال کی دکان پر واپس آیا اور وشال کو دکان سے باہر سڑک پر گھسیٹ لیا، اُن سب نے مل کر وشال کو لاٹھیوں، بیلٹوں سے مارنا شروع کر دیا اور کئی لاتیں بھی ماریں، اس کے بعد ملزم ساتھوں سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔
وشال زخمی حالت میں قریبی پولیس اسٹیشن پہنچا اور روہت اور اس کے ساتھیوں کے خلاف شکایت درج کرائی۔
سینئر پولیس افسر منیش راج سنگھ نے بتایا کہ وشال کو طبی معائنے اور علاج کے لیے قریبی ہسپتال بھیج دیا گیا۔
مزید پڑھیں: وہ شادی جس میں باپ نے بیٹی کو سونے کے زیوارت کیساتھ ’سونے کا باتھ روم‘بھی دیا
پولیس نے بتایا کہ روہت اور اس کے دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔