منگل,  05 نومبر 2024ء
ایف ٹین مرکز کے انتخابات: عاطف جمیل بٹ کی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) ایف ٹین مرکز میں ہونے والے انتخابات میں تاجر اتحاد گروپ کے امیدوار برائے صدر، عاطف جمیل بٹ نے تاجروں کے مسائل کو حل کرنا اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تاجروں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بات انہوں نے ایف ٹین کی تاجر برادری کے ایک اجتماع میں کہی، جہاں آٹو ورکشاپس، آٹو ڈیکوریشن، ٹیلرز اور ہوٹل اینڈ ریستوران کے متعلقہ افراد کی بڑی تعداد نے تاجر اتحاد گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر رانا خالد علی خان، ملک محمد اشرف، ارشد محمود عباسی، اقبال بٹ، ڈاکٹر محمد ارشد اور دیگر نے گروپ میں شمولیت کی۔

عاطف جمیل بٹ نے کہا کہ ایف ٹین کے تاجروں کی آواز خاموش رہی ہے اور یہ ایک جمود کا شکار ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ منتخب ہو کر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں رہیں گے۔

اجتماع میں شامل تاجروں نے عاطف جمیل بٹ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، اور کہا کہ وہ نوجوان اور خدمت کے جذبے سے بھرپور رہنما ہیں۔ ان کا ماضی بھی خدمت کی سیاست کا عکاس ہے، اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ایف ٹین مرکز کے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

مزید خبریں