بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
پارہ چنار: مرکزی شاہراہ بند ہونے پر شیعہ علماء کونسل کا سخت احتجاج

پارہ چنار(سٹی رپورٹر) – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پارہ چنار کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی شاہراہ کا اٹھارہ روز سے بند ہونا ریاستی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔

ڈاکٹر میثمی نے کہا کہ کئی دنوں سے سنگین مشکلات میں مبتلا پرامن اور محب وطن شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے بھی تین دن سے بند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کے باعث چھ معصوم بچوں سمیت آٹھ افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دردناک صورتحال کی تمام تر ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ڈاکٹر میثمی نے کہا کہ چند شرپسند عناصر کی جانب سے سرعام قومی شاہراہ کو بند کرنا ریاستی رٹ کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، جس کی بیخ کنی بہت ضروری ہے۔

غذائی اجناس کی قلت کے باعث انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، لیکن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں کی مسلسل عدم توجہی سے انتہائی حساس علاقے کی عوام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر راستے کھولے جائیں اور ضلع کرم پارہ چنار کے امن و امان کی فضاء کو بحال کر کے مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے۔

مزید خبریں