بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
 رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے لبنان کے لیے 95 ٹن امدادی سامان فراہم کیا

 

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) – رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستانی حکومت کی جانب سے 95 ٹن امدادی سامان، جس میں کمبل اور ٹینٹ شامل ہیں، لبنان کے سفیر Mr. Ghassan El Khatib کے حوالے کیا۔

اس موقع پر انجم عقیل خان نے لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور لبنان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا، “لبنان کی غیور عوام اور وہاں موجود مزاحمتی تحریک کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے فلسطین کے مظلوموں کا ساتھ دینے کے لیے قربانیوں سے دریغ نہیں کیا۔”

انہوں نے لبنان کے بیروت کے انفراسٹرکچر کے مکمل طور پر تباہ ہونے کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ لبنان نے ظالم کے خلاف قیام کرنے اور مظلوم کی حمایت میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انجم عقیل خان نے سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔

رکن قومی اسمبلی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان لبنان اور فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت جاری رکھے گا اور تمام امدادی سامان مرحلہ وار سفیروں کے حوالے کیا جائے گا۔ اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور نیشنل لاجسٹک سیل کے افسران بھی انجم عقیل خان کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید خبریں