**اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے غیر قانونی الیکشن کے معاملے کی سماعت 31 اکتوبر کو ڈی جی ٹی او کے سامنے ہوگی۔
صدر فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ آف چیمبر سید ندیم منصور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ناصر قریشی نے قانون اور اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کو نظرانداز کر دیا ہے اور کسی بھی صورت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی توہین کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریڈ آرگنائزیشنز کے قانون کے مطابق کوئی بھی ایگزیکٹو ممبر مسلسل الیکشن نہیں لڑ سکتا، اور نئے قانون کے تحت ممبر کو دو سال تک الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ سید ندیم منصور نے ناصر قریشی کے غیر قانونی اقدامات کو چیلنج کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے اس معاملے کو ڈی جی ٹی او کے سامنے اٹھایا ہے۔
یاد رہے کہ جب صدر فاؤنڈر ڈیموکریٹس گروپ سید ندیم منصور نے غیر قانونی الیکشن کو چیلنج کیا تو ڈی جی ٹی او نے ناصر قریشی کو الیکشن لڑنے سے روک دیا تھا۔ ناصر قریشی نے اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی، جس پر عدالت نے 12 ستمبر کو کیس ڈی جی ٹی او کے پاس دوبارہ بھیج دیا۔
سماعت 31 اکتوبر کو ہونے والی ہے، جس میں اس معاملے کی قانونی حیثیت پر مزید روشنی ڈالی جائے گی۔ کانفرنس میں ناصر فاروق، ایس وی پی فاؤنڈر ڈیموکریٹ گروپ بھی موجود تھے۔