هفته,  19 اپریل 2025ء
کرم کی صورتحال پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شدید ردعمل

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ضلع کرم میں جاری کشیدگی اور راستوں کی بندش کے خلاف پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے پارہ چنار کے راستے نہ کھولے تو وہ اسلام آباد سے مارچ کریں گے اور ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔

علامہ جعفری نے کہا کہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کریں، لیکن وہ ناکام اور بے بس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی لحاظ سے حساس علاقے کو ملک دشمن عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ضیاء الحق کے دور میں بھی علاقے کے لوگوں کو نکال کر دہشت گردوں کو بسایا گیا تھا، مگر مقامی افراد نے کبھی وطن کو نہیں چھوڑا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے شکایت کی کہ وہ راستوں کی بندش کو فوری کھولے اور امن و امان کی بحالی کے لیے مستقل حل نکالے۔

پریس کانفرنس میں علامہ جعفری نے مزید کہا کہ “ہماری آواز مظلوم عوام کے لیے ہے، کسی حاکم یا حکومت کے لیے نہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج کی تیاریاں کریں گے، اور تمام دوستوں کو مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی حالیہ زیادتیوں کا بھی ذکر کیا، جہاں پر امن احتجاج کرنے والوں پر ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں۔ علامہ جعفری نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقدامات کریں، ورنہ صورتحال کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں