هفته,  23 نومبر 2024ء
پی ٹی آئی نے غیر متحرک پارٹی ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کیخلاف ایکشن لے لیا

 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے اپنے غیر متحرک پارٹی ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف ایکشن لے لیا۔

جنرل سیکرٹری نارتھ پنجاب پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی سرگرمیوں سمیت احتجاج کے دوران غیر حاضر رہنے والے ٹکٹ ہولڈرز کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔اٹک کی پوری پی ٹی آئی تنظیم کو تحلیل کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سے 7 دن میں قیادت نے جواب طلب کر لیا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر اپنے منحرف اراکین پارلیمنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔پی ٹی آئی نے زین قریشی، اسلم گھمن، مقداد علی خان اور ریاض فتیانہ کو جاری شوکاز نوٹسز کہا تھا کہ حکومت نے ترامیم متعارف کروا کر عدلیہ کی آزادی پر حملے کرنے کا منصوبہ بنایا، اپنے سینیٹرز اور ایم این ایز کو ہدایات جاری کیں کہ بل کی حمایت نہ کی جائے۔

نوٹسز میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی سینیٹرز اور ایم این ایز کو ہدایت کی گئی ترامیم کو ووٹ نہ دیں اور وہ محفوظ اور مخصوص جگہ پر رہیں، ارکان پارٹی کی ہدایات پر عمل کرنے کے پابند تھے۔

مزید کہا گیا تھا کہ ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے آپ نے مقررہ جگہ کو چھوڑ دیا، معتبر شواہد اور بیانات ہیں کہ آپ انحراف کا پورا ارادہ رکھتے تھے، 7 دنوں میں بتائیں آپ کے منحرف ہونے کا اعلان کیوں نہ کیا جائے۔

نوٹسز کے مطابق آپ نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی کیوں نہ پارٹی سے نکال دیا جائے، نوٹس کا جواب نہ دیا تو مزید نوٹس کے بغیر کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں