منگل,  22 اکتوبر 2024ء
الجمال گروپ کے متاثرین کا احتجاج، چیف جسٹس، آرمی چیف، اور مریم نواز سےانصاف کے حصول کا مطالبہ

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) الجمال گروپ (رئیل اسٹیٹ) کے متاثرین نے چیف جسٹس، آرمی چیف، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی ڈوبی ہوئی رقوم واپس دلائی جائیں اور فراڈ میں ملوث ملزمان فہیم بابر اور محی الدین جان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرین، جن میں عدیل محبوب، ذیشان، عارف، احتشام الحق، مس مہر، اور اوورسیز پاکستانی طیبہ الطاف شامل تھے، نے کہا کہ الجمال گروپ نے 400 سے زائد لوگوں کو محفوظ سرمایہ کاری کے وعدوں کے ذریعے دھوکہ دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملزمان، جو حساس ادارے سے ریٹائرڈ ہیں، لوگوں کو پلاٹ کے سنہرے خواب دکھا کر جعلی کاغذات فراہم کرتے ہیں۔

متاثرین نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کی جمع پونجی، گھروں، گاڑیوں، اور زیورات کی فروخت کرکے الجمال گروپ میں سرمایہ کاری کی، لیکن انہیں ملنے والا ماہانہ منافع اچانک بند ہوگیا، اور مالکان دفتر بیچ کر غائب ہوگئے۔

متاثرین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تھانہ لوئی بھیر میں 20 سے زائد افراد نے درخواستیں دی ہیں، لیکن پولیس نے ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں بھی کئی درخواستیں دی گئی ہیں، لیکن کارروائی کی رفتار بہت سست ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے اور عوام کی جمع پونجی واپس دلائے۔ انہوں نے کہا، “اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو ہم سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔”

پریس کانفرنس کے بعد متاثرین نے پریس کلب کے باہر الجمال گروپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جہاں انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر الجمال گروپ کے خلاف نعرے درج تھے۔متاثرین نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ کسی بھی گروہ کے ساتھ ایسا فراڈ نہ ہوسکے،اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں