منگل,  22 اکتوبر 2024ء
پیر سید محمد علی گیلانی کا ریڈ زون کی بار بار بندش پر شدید اظہارِ برہمی

 

اسلام آباد (روشن ہاکستان نیوز) سجادہ نشین بری امام سرکار اور جانشین دربار عالیہ رتے ہوتر شریف، پیر سید محمد علی گیلانی نے ریڈ زون کو روزانہ کی بنیاد پر سیل کرنے اور راستوں کی بندش پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام پر رحم کرے اور انہیں رزق حلال کمانے کی اجازت دے۔

پیر سید محمد علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی کے نام پر ریڈ زون کو ایسے سیل کر رکھا ہے جیسے کہ یہ کشمیر کا بارڈر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بندش کے باعث برصغیر کے معروف روحانی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف المعروف بری امام سرکار کی نگری میں رہنے والے مقامی افراد اور دربار پر حاضری دینے والے عقیدتمندوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

“مقامی افراد کو دفاتر، طالب علموں کو سکول اور کالجز، اور مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے,” انہوں نے کہا۔

پیر سید محمد علی نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ اگر دھرنے اور ریلیاں نکالنی ہیں تو انہیں پارکوں کا رخ کرنا چاہیے، تاکہ اسلام آباد اور قریبی دیہی علاقوں کے عوام کی زندگی متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا، “سیاسی لوگوں کی آنکھ مچولی چلتی رہے گی، لہذا احتجاج کرنے والے کھلے میدانوں کا انتخاب کریں۔” پیر سید محمد علی گیلانی نے ریاست سے درخواست کی کہ وہ اس صورتحال پر نظرثانی کرے اور عوام کو اس اذیت سے نجات دلائے۔

مزید خبریں